نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کیسز کے خوفناک حد تک اضافے کے بعد آئی پی ایل میں بعض کرکٹرز لیگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے یومیہ جہاں تین لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں وہیں دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی جاری ہے۔ تاہم خدشات کے پیشِ نظر بعض کھلاڑیوں نے لیگ سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ اب تک آسٹریلیا کے تین اور بھارت کے ایک کرکٹر نے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایونٹ میں شامل ٹیم راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر اینڈریو ٹائی ممبئی سے بذریعہ دوحا سڈنی کے لیے روانہ ہوئے جس کے بعد مزید دو آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
34 سالہ اینڈریو ٹائی نے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا کے خدشات موجود ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ لیگ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں۔ بعض کھلاڑی اپنے گھر واپس جانے کے لیے دستیاب فلائٹس کے متعلق جاننے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
اینڈریو ٹائی کے بعد پیر کو ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن بھی ایونٹ سے الگ ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے فیصلے سے متعلق اپنی فرنچائز کو آگاہ کر دیا ہے۔
زمپا اور رچرڈسن رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے تھے۔ کھلاڑیوں کی دست برداری سے متعلق فرنچائز نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی ذاتی وجوہات کی بنا پر واپس آسٹریلیا جا رہے ہیں اور وہ ایونٹ کے بقایا میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
Official Announcment:
— Royal Challengers Bangalore (@RCBTweets) April 26, 2021
Adam Zampa & Kane Richardson are returning to Australia for personal reasons and will be unavailable for the remainder of #IPL2021. Royal Challengers Bangalore management respects their decision and offers them complete support.#PlayBold #WeAreChallengers pic.twitter.com/NfzIOW5Pwl
فرنچائز نے کہا کہ مینجمنٹ کھلاڑیوں کے فیصلے کا احترام اور ان کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنز سمیت 16 آسٹریلوی کرکٹر بھارت میں موجود ہیں جب کہ کوچز میں رکی پونٹنگ، سائمن کیٹچ، کمنیٹیٹر میتھیو ہیڈن، بریٹ لی اور مچل سالٹر لیگ کا حصہ ہیں۔
آئی پی ایل کی ٹیم دہلی کیپٹل کے کپتان روی چندرن ایشون نے بھی ایونٹ میں وقفہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
I would be taking a break from this years IPL from tomorrow. My family and extended family are putting up a fight against #COVID19 and I want to support them during these tough times. I expect to return to play if things go in the right direction. Thank you @DelhiCapitals
— Stay home stay safe! Take your vaccine (@ashwinravi99) April 25, 2021
انہوں نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ منگل سے دستیاب نہیں ہوں گے اور کرونا وائرس کے اس مشکل وقت میں اپنے اہلِ خانہ کو سپورٹ کریں گے۔
ایشون نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ صورتِ حال بہتر ہونے کی صورت میں وہ دوبارہ ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور فرنچائز اونرز اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ آئی پی ایل وائرس سے محفوظ ہے جس کا انعقاد تماشائیوں کے بغیر بائیو سیکیور ماحول میں ہو رہا ہے۔
ایونٹ میں اب تک 20 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں 56 میچز ہوں گے اور دوسرے مرحلے میں فائنل سمیت 14 میچز کھیلے جائیں گے۔ 51 روز تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا فائنل 30 مئی کو شیڈول ہے۔
بی سی سی آئی نے میچز کے لیے چنئی، ممبئی، کولکتہ، بنگلورو، احمد آباد اور دہلی کا انتخاب کیا ہے جہاں یہ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔