بورڈ رویے سے دلبرداشتہ تھیسارا پریرا کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان

Published On 03 May,2021 05:26 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) بورڈ کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر سری لنکا کے مایہ ناز آل راؤنڈر تھیسارا پریرا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کسی بھی طرز کی پروفیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے سری لنکا کے پہلے کرکٹر بنے تھے، سری لنکا کے آرمی اسپورٹس کلب کی قیادت کرنے والے تھیسارا پریرا نے بلوم فیلڈ کرکٹ اینڈ ایتھلیٹک کلب کے اسپن بولر دِلہان کورے کو ایک اوور میں چھ چکے رسید کئے تھے۔

اس اعزاز کے ساتھ ہی تھیسارا پریرا 2021 میں چھ چھکے لگانے والے دوسرے کرکٹر بنے تھے،ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ اکیلا دھننجایا کو 6چھکے لگائے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے 256 انٹرنیشنل میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرنے والے مایہ ناز آل راؤنڈر تھیسارا پریرا نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے یہ اعلان سری لنکن سلیکٹرز کے اس اقدام کے باعث اٹھایا، جس میں انہیں کہا گیا تھا کہ آپ ہمارے مستقبل کے پلان میں شامل نہیں ہیں، پریرا آخری بار مارچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایکشن میں دکھائی دئیے تھے۔

پریرا نے 166 ون ڈے، 84 ٹی ٹوئنٹی اور 11 ٹیسٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کی، انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 237 وکٹیں حاصل کیں اور 3745 رنزبنائے، پریرا بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی کئی نیوز ایجنسی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سلیکٹرز نے پریرا کو واضح کردیا تھا کہ وہ کرکٹ میں نئے کھلاریوں کو موقع دینے کے حق میں ہیں، سیلکٹرز کا یہ طرز عمل مایہ ناز آل راؤنڈر کی ریٹائرمنٹ کی بڑی وجہ ہے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اہم عہدیدار نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل قریب میں دمیتھ کرونارتے، اینجیلو میتھوز، دنیش چندی مل جیسے بڑی کھلاڑیوں کو بھی مستقبل کے ٹوورز میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
 

Advertisement