لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں آج ایک ہی میچ کھیلا جائے گا، ملتان سلطانز کا زندہ دلان کی ٹیم کو شکست کا مزہ چکھانے والے گلیڈی ایٹرز سے جوڑ پڑے گا۔
لیگ کا پچیسواں میچ، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اہم مقابلے کا رات نو بجے بگل بجے گا، میدان سجےگا۔ آرام کے بعد کام، ٹریننگ سیشنز مکمل اور پلان بھی فائنل کر لئے۔ ملتان کے سلطانز نے ابوظہبی میں دبنگ انٹری ڈالی، کراچی اور پشاور کے خلاف مسلسل دو فتوحات سمیٹیں، کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک کرنے کا عزم کر لیا۔ اِن فارم صہیب مقصود اور نوجوان شاہنواز دھانی مرکز نگاہ ہیں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے خلاف 18 رنز کی شاندار فتح سے کم بیک کو یادگار بنانے والے گلیڈی ایٹرز کی مزید کامیابیوں پر نظریں جمی ہیں۔ کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ جیت سے مورال ہائی ہوا، چار پوائنٹس کے باوجود نمبر سکس ٹیم کے کھلاڑی آج بھی فتح کے لیے پرجوش ہیں۔ ماضی کے پانچ مقابلوں میں گلیڈی ایٹرز کو برتری حاصل ہے، تین میں کامیابی سمیٹی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔