قومی ٹی20کپ پر بھارتی سازش ناکام،راولپنڈی سٹیڈیم سے 3بکی گرفتار

Published On 25 September,2021 09:55 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز)پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے قومی ٹی 20ٹورنامنٹ پر بھارتی سازش ناکام بناتے ہوئے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے 3بکی گرفتار کرلئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اس وقت قومی ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ زوروشور سے جاری ہے ،لیکن بھارتیوں کو پاکستان میں کھیل ہوتے ہوئے ایک آنکھ بھی نہیں بھارہے جبکہ ٹورنامنٹ کو ناکام بنانے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مرتبہ پھر بدنام کرنے کی بھونڈی کوشش کی گئی جسے پاکستانی سکیورٹی اداروں نے ناکام بنادیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سیکورٹی اداروں اور اینٹی کرپشن یونٹ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3بکی گرفتار کئے ہیں ، گرفتار بکیز سے ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ نیشنل ٹی20ٹورنامنٹ کے میچز پر جواء کرانے والے 3 بکیوں کو سٹیڈیم کے اندر سے گرفتار کیا گیا ،بکیوں کو یاسر عرفات انکلوژرسے رنگے ہاتوں پکڑا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بکی ذیشان میمن گلشن اقبال کراچی کا رہائشی ہے،جبکہ بکی وجاہت حسین وہاڑی اور عبدالرحمٰن کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے ،ایونٹ کی کامیابی کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو بھی عالمی دنیا کو میچز سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہ کررہی ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹی20 کپ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ نے سکیورٹٰی کا بہانہ بناکر یکطرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ سیریز منسوخ کردی تھی جس کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان سے انکار کردیا تھا ۔

انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے انکار کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ،انگلش کرکٹرز کمنٹیٹرز اور سابقہ کھلاڑیوں نے اپنے کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

Advertisement