لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹی 20کپ کے تیسرے روز کے پہلے میچ میں صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت خیبر پختونخوا نے سدرن پنجاب کو 7وکٹوں سے زیر کرلیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں قومی ٹی 20کرکٹ کا میلہ جاری ہے جس کا آج تیسرا دن ہے،آج کے روز پہلے کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم سدرن پنجاب کو شکست سے دوچار کیا۔
سدرن پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے 152رنز بنائے جبکہ پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی،شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے محمد عمران نے سب سے زیادہ 54رنز بنائے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں حسان خان 25اور خوشدل شاہ 24سکور بناکر نمایاں رہے۔
فاتح ٹیم کے عمران خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے سب سے زیادہ 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3،محمد وسیم نے 2اور آصف آفریدی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
خیبر پختونخوا کے بلے باز صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ بلے بازی نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار اداکیا اور انہوں نے 49گیندوں پر 73رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 64رنز بنائے۔عادل امین 6اور افتخار احمد 6سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح سدرن پنجاب کی ٹیم کا 153رنز کا ہدف خیبر پختونخوا نے 3وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا،سدرن کے نسیم شاہ نے 2اور فیصل اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
عمران خان کو میچ میں 4وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔