راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی ٹی ٹونٹی کپ خیبر پختونخوا نے جیت لیا، فیصلہ کن معرکے میں سدرن پنجاب کو دس رنز کی شکست کا کڑوا گھونٹ نگلنا پڑا، شعیب ملک مین آف دی میچ اور فخر زمان ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز قرارپائے۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کی دعوت خوب اڑائی۔ 76 رنز کا تگڑا آغاز، فخر زمان نے چالیس گیندوں پر سڑسٹھ بنائے، سات چوکے، تین چھکے لگائے۔ شعیب ملک نے بائیس گیندوں پر ناٹ آؤٹ چھپن رنز بنائے، تین چوکوں، چار چھکوں سے دھواں دھار اننگز کھیلی۔
207 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف، سدرن پنجاب بیس اوورز میں آٹھ وکٹیں گنوا کر ایک سو چھیانوے رنز بنا سکی، نوجوان حسین طلعت کے تریسٹھ رنز بھی بے کار رہے، ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
وہاب ریاض تین اور شاہین آفریدی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، دس رنز کی جیت پر محمد رضوان کی ٹیم نے جشن منایا، میچ کے ہیرو شعیب ملک جبکہ فخر زمان مین آف دی ٹورنامنٹ بنے۔