لندن :(روزنامہ دنیا)انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز نے اپنے ہی بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو دھوکا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ای سی بی کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی یاد داشت بھی بہت کمزور ہے ۔ ایڈورڈز اور سابق انگلینڈ ٹیم کے ساتھی ایبونی رینفورڈ برینٹ نے ای سی بی اور پاکستان کے فیصلوں کے درمیان تضادات پر کھل کر بات کی۔ رین فورڈ برینٹ نے کہا کہ اہم یہ ہے کہ اس دورے کی منسوخی کا سیکیورٹی کے مسائل یا خدشات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا آپ سوچیں پاکستان نے ہمارے لیے کیا کیا۔ انہیں انگلینڈ میں بغیر کسی ویکسین پروگرام کے قرنطینہ میں رہنا پڑا۔
ایڈورڈز نے مزید کہا اگر یہ سکیورٹی ہوتی تو مجھے کوئی مسئلہ نہ ہوتا اور شاید ہم ابھی یہ گفتگو نہیں کر رہے ہوتے ،میں پی سی بی کیلئے بہت مایوس ہوں۔ یہ انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا ایک تاریخی دورہ تھا۔ ہم وہاں پہلے کبھی نہیں گئے تھے ۔