کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری، نیوزی لینڈ ٹیم کا آئندہ سال پاکستان آنے کا پروگرام

Published On 20 December,2021 10:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) کرکٹ شائقین کیلئے خوشی کی خبر آ گئی، نیوزی لینڈ ٹیم نے آئندہ سال پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کر دیا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن سے ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کے بعد ان دوروں کو حتمی شکل دی گئی ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال دسمبر اور جنوری میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، مہمان ٹیم اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان کا دورہ کرے گی اور پاکستان سے دس وائیٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

 نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔ دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔

دونوں بورڈز نے دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینی ہے، اب پاکستان مارچ 2022 سے اپریل 2023 کے دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 8 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

 

Advertisement