اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت کرنے کی تلقین کر دی ۔
وزیراعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید، رانا عاطف اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے ملاقات کی۔
ملاقات ملک میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی کامیابی اور اس کے نتیجے میں نوجوانوں کو مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کرکٹ میں کامیاب جوان اور لاہور قلندر کے تعاون سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی آئندہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شمولیت کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا جس پر عمراان خان نے لاہور قلندر اور کامیاب جوان پروگرام کی کوششوں کو سراہا۔
اسکے علاوہ وزیرِ اعظم عمران خان نے شاہین شاہ آفریدی کی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت سے پاکستانی کرکٹ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کی تلقین کی.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو۔