لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کیلئے لاہور میں ہونے والے میچز کی وجہ سے پنجاب اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی کلاسز کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہے جس کے لئے پنجاب یونیورسٹی نے اپنی کلاسز کا شیڈول تبدیل کردیا ہے جس کے مطابق مارننگ کلاسز 12 بجے تک ختم ہو جائیں گی، ایوننگ اور آفٹر نون کلاسز آن لائن منعقد کی جائیں گی ۔
نئے شیڈول کے مطابق طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولیات صرف 12 بجے تک موجود ہوگی اور ترمیم شدہ شیڈول پر عمل درآمد 25 فروری تک ہوگا۔
دوسری جانب پی ایس ایل میچز کے دوران لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے نئے اوقات کار کے مطابق کلاسز صبح 8 سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گی۔
ایل سی ڈبلیو یو کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی میں 1 بجے کے بعد ہونے والی کلاسز آن لائن ہوں گی، تمام روٹس پر بسیں 1 بجے تک چلائی جائیں گی اور 27 فروری تک موجودہ شیڈول قابل عمل رہے گا۔
پی ایس ایل 7: قذافی سٹیڈیم کے گردونواح میں سکولوں کے اوقات کار میں کمی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچز کے باعث قذافی سٹیڈیم کے گردونواح میں سکولوں نے اوقات کار میں کمی کردی ہے۔
پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جمعرات سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہورہا ہے جس کی وجہ سے سرکاری ونجی سکولز نے سوا 12 سے قبل چھٹی کا شیڈول جاری کردیا ہے، بچے صبح جلدی سکول آئیں گے اور چھٹی بھی جلدی دے دی جائے گی ۔
سکول انتظامیہ نے اوقات کار بارے والدین کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کرنا شروع کردیا، صبح کے وقت سکول ساڑھے 8 کے بجائے ساڑھے 7 بجے لگیں گے ۔
سکول انتظامیہ کے مطابق ان اوقات کار کا اطلاق پی ایس ایل میچز تک رہے گا ، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے انتظامیہ کیجانب سے ٹائمنگ کم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔