ایشیاکپ: سری لنکا کو میزبانی کے فیصلے کے لئے ڈیڈ لائن دے دی گئی

Published On 18 April,2022 08:05 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) ایشیاء کپ دوہزار بائیس کی میزبانی کے حوالے سے سری لنکا کرکٹ کو ڈیڈ لائن دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایس ایل سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملک میں معاشی بحران کے باعث 27 جولائی تک ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے۔ واضح رہے کہ ایشیاء کپ آخری مرتبہ دوہزار اٹھارہ میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جس کے فائنل میں بھارت نے بنگلادیش کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے سری لنکا کو رواں سال 27اگست کو ٹورنامنٹ کرانے کی منظوری دی تھی تاہم ملک میں معاشی بحران اور احتجاجی مظاہروں کے باعث ایونٹ کی میزبانی واپس لئے جانے کا خدشہ ہے ۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کرکٹ کے ساتھ ا ے سی سی حکام مکمل رابطے میں ہیں اور باہمی صلاح مشورے سے ٹورنامنٹ سری لنکا میں کرانے یا منتقلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق فی الوقت یہ کہنا مشکل ہے کہ سری لنکا ایشیا ء کپ کی میزبانی کر سکے گا یا نہیں تاہم سری لنکن بورڈ تمام صورتحال پر قابو پاکر ٹورنامنٹ کرانے کے لئے پر امید ہے ۔ذرائع کے مطابق ابھی وقت ہاتھ میں ہے لیکن ساتھ ہی پروٹوکول کے مطابق ایس ایل سی کو ٹورنامنٹ کے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر نومبر میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر رواں سال ایشیاء کپ کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے تحت کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بھارتی ٹیم دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شرکت کرے گی ۔سیکرٹری جنرل اے سی سی جے شاہ بھی سری لنکا میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ایس ایل سی سے رابطے میں ہیں جس نے ایشین کرکٹ کونسل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تمام مسائل پر قابو پاکر ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔
 

Advertisement