دوسرا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دیدی

Published On 10 June,2022 07:58 pm

ملتان:(ویب ڈیسک) دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دیدی۔قومی ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان قائد نکولس پوران کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی۔

پاکستان بیٹنگ

ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم فخر زمان ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 17 سکور بناکر پویلن لوٹ گئے، امام الحق نے 72 گیندوں پر 72 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی فارم کو جاری رکھا اور 77 سکور بنا کر عقیل حسین کی گیند پر ان کو ہی کیچ دے بیٹھے، محمد رضوان نے 15، محمد نواز نے 3، شاداب خان نے 22 ، محمد حارث نے 6  اور خوشدل شاہ نے 22 رنز بنائے، وسیم جونیئر 17، شاہین شاہ آفریدی 15 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 275 رنز بنائے، مہمان ٹیم کی جانب سے عقیل حسین نے سب  سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اینڈرسن فلپ اور الزاری جوزف نے 2،2 وکٹ اپنے نام کیں۔

ویسٹ انڈیز بیٹنگ:

پاکستان کے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیر کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 33ویں اوور میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شامار بروکس 42 اور کائیل مئیرز 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار شکار کیے، دیگر باؤلرز میں محمد وسیم جونیئر، شاداب خان نے بالترتیب 3 اور 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

ویسٹ انڈیز پلیئنگ الیون

شاہینوں کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کپتان نکولس پوران، شائی ہوپ، کائل مائیرز، شامرہ بروکس، برینڈ کنگ، روومین پاول، روماریو شیفرڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف، ہیڈن والش اور اینڈرسن فلپ شامل ہیں۔

پاکستان پلیئنگ الیون

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے پاکستان پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، وکٹ کیپر محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

 

 

Advertisement