سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی حد بندی اور ضوابط کی بھی منظوری

Published On 24 June,2022 06:23 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) نے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی حد بندیوں اور ضوابط میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔

ترامیم کے مطابق اب بلوچستان کے اضلاع کی تعداد 13، سینٹرل پنجاب کے 18، خیبر پختونخوا کے 19، ناردرن کے 11، سندھ کے 17 اور سدرن پنجاب کے 14 ہوگئی ہے۔

بی او جی نے پہلی مرتبہ پاکستان میں پی ایس ایل کو بلاتعطل مکمل کرنے پر پی سی بی کو مبارکباد پیش کی، لیگ کے میڈیا اور سپانسرشپ ریونیوز میں 81 فیصد اضافے کو بھی سراہا ہے۔

بورڈ آف گورنرز نےلاہور، کراچی اور ملتان میں کھلاڑیوں کی رہائش کے لئے اضافی کمرے بنانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

بی او جی نے 21 سالہ لیگ سپنر طوبیٰ حسن کو آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بننے پر بھی مبارکباد پیش کی ہے، بورڈ نے اس امید کا اظہار بھی کیا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم برمنگھم کامن ویلتھ گیمز، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے بورڈ آف گورنرز کو پاکستان جونیئر لیگ پر اپ ڈیٹ فراہم کی، بی او جی کو بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی ممبر بورڈز کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے، لیگ کے کمرشل پارٹنرز بننے کے لیے بہت دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے۔

بی او جی نے پی سی بی ویلفیئر پالیسی کے تحت ٹیسٹ کھلاڑیوں کی پنشنز میں اضافے سے متعلق چیئرمین پی سی بی کے فیصلے پر خوشی، پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے دوران 12 نیشنل ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر 314 میچز منعقد کروانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، اس دوران ڈومیسٹک کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ کی مد میں سالانہ 37 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کمائے ہیں جبکہ بی او جی کو کے پی ایم جی کی جانب سے کلبز کی اسکروٹنی پر بھی اپ ڈیٹ فراہم کی گئی۔
 

Advertisement