کراچی: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم نے کہا ہے کہ پاکستان کے گراونڈز مین کی تعریف کروں گا کہ ہر وینیو پر الگ وکٹ ملی۔
کراچی میں ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برینڈن میکلم نے کہا میرا خیال ہے پاکستان نے بھی سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلی، تینوں میچز میں ایسے لمحات آئے جس میں دونوں ٹیمیں قریب تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ بہت اچھی سیریز رہی جس کو فینز نے انجوائے کیا، ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے ہی اس انداز میں کھیلی جاتی رہی ہے، پاکستان نے سیریز میں جو کردار ادا کیا وہ بھی قابل تعریف ہے۔
میکلم کا کہنا تھا میرا نہیں خیال کہ وکٹس کی وجہ سے سیریز خراب ہوئی، ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو ہر جگہ مختلف وکٹ ملتی ہیں، راولپنڈی کی وکٹ فلیٹ تھی جس پر ہمیں زیادہ محنت کرنا پڑی، فلیٹ وکٹ پر تیز کھیلے تاکہ ہمیں حریف کو آؤٹ کرنے کا وقت مل سکے،کراچی کی وکٹ برصغیر کی روایتی وکٹ تھی۔
انگلش کوچ نے کہا کہ میرا خیال ہے کبھی کبھار حکمت عملی چیلنج ہونا اچھی بات ہے، نہیں چاہتا کہ شکست کا خوف کھلاڑیوں کی صلاحیت کو مفلوج کرے، اگر کھلاڑیوں کو پریشر سے آزاد کریں تو ان کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔