کراچی: (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو جدت دے دی جبکہ ٹیم نے ایک سال میں سب سے زیادہ چھکوں کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
نئے کوچ برینڈن میک کولم اور کپتان بین سٹوکس کی زیر رہنمائی انگلش ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، یہ کامیابیاں نئے انداز کی بے خوف کرکٹ کے مرہون منت ہیں۔
ٹیم کے رواں برس ٹیسٹ میچز میں چھکوں کی تعداد 16 اننگز میں 89 تک پہنچ گئی، یہ ایک کیلنڈر ایئر میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے چھکوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے پاس تھا جس نے 2021 میں 14 اننگز کے دوران 87 چھکے لگائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 2014 میں صرف 9 اننگز کے دوران 81 چھکے لگا چکی ہے، دریں اثنا انگلش بیٹر ہیری بروکس نے پاکستان کے خلاف اسی کی سرزمین پر سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے میں اپنے ملک کے سابق کھلاڑیوں ڈیوڈ گاور اور مارکوس ٹریسکوتھک کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انھوں نے یہ اعزاز کراچی میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوران انجام دیا، بروک نے 150 بالز پر 111 رنز بنائے، اس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، یہ ان کی اس ٹور میں لگاتار تیسرے ٹیسٹ میں تیسری سنچری تھی، وہ دونوں ٹیموں میں اس سیریز کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے 93.60 کی اوسط سے 468 رنز سکور کیے ہیں، کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اگر بیٹنگ کا موقع ملا تو اس میں مزید اضافہ بھی ممکن ہو گا، بروکس نے ڈیوڈ گاور کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 1984 کے ٹور میں پاکستان کیخلاف 449 رنز 112.25 کی اوسط سے سکور کیے تھے، تب انہوں نے 2 سنچریاں بنائیں اور سب سے بڑی اننگز ناقابل شکست 173 رنز کی تھی۔
23 سالہ بروک سابق انگلش اوپنر مارکوس ٹریسکوتھک سے بھی آگے نکل چکے ہیں جنہوں نے پاکستان میں 12 اننگز کے دوران 445 رنز بنائے، اس میں ایک سنچری اور 2 ففٹیز شامل تھیں۔