راولپنڈی : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم کراچی کنگز کی جانب سے ڈیبیو میچ کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے اوپنر محمد اخلاق نے کہا ہے کہ کراچی نے سیزن کا اختتام اچھا کیا ہے، آئندہ سیزن میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
دائیں ہاتھ کے اوپنر نے لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے اپنے ڈیبیو میچ میں 51 رنز کی اننگ کھیلی اور وہ پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے میرے پہلے میچ میں عزت دی، کراچی کی جانب سے ڈیبیو میچ پر اچھی پرفارمنس پر خوش ہوں، ٹیم کی جانب سے کھیل کر اچھا محسوس ہوا۔
محمد اخلاق نے کہا کہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے لیے کھیل چکا ہوں اور دونوں طرف سے اپنے وقت سے لطف اندوز ہوا اور بہت کچھ سیکھا ہے، لیکن کنگز میں اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا اور اسے برقرار رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈیتھ اوورز میں اس سیزن میں اچھی باؤلنگ نہیں کر پائے، ٹیم اس سیزن میں بدقسمت رہی، ہم قریب جاکر میچز ہارتے رہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 میں لیگ مرحلے کے آخری میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 86 رنز سے شکست دی ہے۔