نوجوان کرکٹرز پریشر میں آ کر نروس ہوگئے: شاداب خان

Published On 25 March,2023 12:17 pm

شارجہ: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے اعتراف کیا ہے کہ افغانستان کے خلاف پہلے ٹی20 میں اچھا کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔

شارجہ میں پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، پریشر میں آکر نروس ہو گئے جس کی وجہ سے پرفارم کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کے لحاظ سے ہم بلکل ٹھیک تھے البتہ ہار تسلیم کرتے ہیں اور اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، احسان اللہ، زمان خان اور عماد وسیم کی واپسی مثبت رہی۔

دوسری جانب افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان کا کہنا تھا کہ اس پچ پر 120 رنز ہوتے تو جیت مشکل ہوجاتی، ہمیشہ پاکستان کے خلاف جیت کے قریب پہنچ کر ہار جاتے تھے مگر اس بار فتح مل گئی۔

اس موقع پر افغان کپتان راشد خان نے تین ٹی20 میچز کی سیریز جیتنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو کسی بھی انٹرنیشنل میں شکست سے دوچار کیا تھا تاہم دونوں ٹیمیں دوسرے ٹی20 میں 26 مارچ کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ 

Advertisement