لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے فروری میں ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز میں میزبانی کرنا ہے، سیریز میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن سے متصادم ہے، پی ایس ایل کے لیے ونڈو 12 فروری سے 10 مارچ رکھی گئی ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز رمضان کے بعد اپریل کے وسط میں شروع کرنے پر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سے متصادم ہونے پر پی سی بی مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے، پی ایس ایل کی ونڈو کے لیے پی سی بی نے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے۔
پی سی بی نے آئی ایل ٹی 20 کے شیڈول کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور لیگ شیڈول سے 10 روز پہلے شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی آئی ایل ٹی 20 کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو اجازت دینے کا ارادہ رکھتا ہے، اس کے علاوہ رمضان میں وائٹ بال کرکٹ کے میچز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔