لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی دورہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز سکواڈ کا حصہ ہوں گے جہاں ایک نیا ریکارڈ ان کا منتظر ہے۔
وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کیلئے سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سٹار کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کیلئے خاصی اہمیت رکھتی ہے، شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کیلئے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کے 3 دسمبر 2018ء کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی باؤلر ان سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا، شاہین نے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے دوری کو بہت زیادہ محسوس کر رہا تھا اور اس فارمیٹ سے دور رہنا بہت مشکل ہوگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں گزشتہ سال انجری کے بعد سے پورا ہوم سیزن ٹیم سے باہر رہا، اب سری لنکا ہی میں واپسی ہو رہی ہے، ٹیم میں واپسی کو یادگار بنانے کیلئے پرامید ہوں اور ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری کی تکمیل کا بھی منتظر ہوں۔