قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے سیزن 24-2023 کے شیڈول کا اعلان

Published On 17 June,2023 05:08 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے سیزن 24-2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

قومی ٹیم اگلے 12 ماہ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) چیمپئن شپ کے 15 ون ڈے انٹرنیشنل اور 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ امکان ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشین گیمز میں بھی حصہ لے۔

شیڈول کے مطابق قومی ویمنز کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی ہوم سیریز کھیلے گی ، مہمان ٹیم ستمبر میں 6 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم کا کسی بھی فارمیٹ کے لیے پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔

جنوبی افریقی ٹیم کے اس دورے سے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے 24-2023 سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگا جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2023 کے سلسلے کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

اکتوبر میں قومی ٹیم بنگلا دیش کا دورہ کرے گی، نومبر میں نیوزی لینڈ کے دورے پر ہوگی ، مئی 2024 میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جبکہ اپریل 2024 میں پاکستان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔