حارث رؤف پارلیمانی ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کے سفیر مقرر

Published On 15 June,2023 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرکٹر حارث رؤف کو پارلیمانی ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کا سفیر مقرر کر دیا گیا۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو پارلیمانی ایس ڈی جیز (پائیدار ترقی کے اہداف) ٹاسک فورس کا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کرکٹر حارث رؤف کو خوش آمدید کہا اور ایوان کو حارث رؤف کی سپیکر کی گیلری میں موجودگی سے آگاہ کیا جہاں انہوں نے کارروائی کا مشاہدہ کیا ۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی ٹاسک فورس برائے ایس ڈی جیز نے کرکٹر حارث رؤف کو بریفنگ دی ، کرکٹر حارث رؤف نے ایس ڈی جیز کے آفیشل جھنڈے کی رونمائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف کی بارات اور ولیمے کی تاریخ سامنے آگئی، شادی کا کارڈ بھی وائرل

کنوینئر ایس ڈی جیز رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کو دنیا کی پہلی فعال ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے قیام کا اعزاز حاصل ہے ، ایس ڈی جیز ایجنڈا سترہ گولز پر مشتمل ہے ، کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ایس ڈی جیز کا ایک اہم گول ہے۔

ایس ڈی جیز ایجنڈا کے تحت پارلیمان کو سولر انرجی پر منتقل کیا گیا ، پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کو ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ نے حکومت کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر اٹھایا۔

کرکٹر حارث رؤف نے ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کا سفیر مقرر ہونے پر کنوینر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کا سفیر مقرر ہونا میرے لئے بڑا اعزاز ہے۔