ارکان پارلیمنٹ کے سفری اخراجات بڑھانے کے لیے بل کا مسودہ تیار

Published On 14 June,2023 11:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارکان پارلیمنٹ کا سفری الاؤنس بڑھانے کا مطالبہ کام کر گیا، ارکان پارلیمنٹ کے سفری اخراجات بڑھانے کے بل کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔

مجوزہ بل کے مسودے کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو 10 روپے کلومیٹر کے بجائے 30 روپے فی کلومیٹر ادا کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پارلیمانی ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو 1980ء کی دہائی سے 10 روپے فی کلومیٹر ادا کئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیا قومی بجٹ: سینیٹ اور قومی اسمبلی کیلئے مختص رقوم کی تفصیلات سامنے آ گئیں

ابتدائی طور پر چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور سینیٹرزکے سفری الاؤنسز بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، حکومت کو سینیٹرز کے سفری الاؤنسز کی مد میں سالانہ تقریباً 10 کروڑ ادا کرنا پڑیں گے۔

پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان سینیٹ کو سرکاری گاڑی کی سہولت نہ لینے پر اڑھائی لاکھ روپے ادا کرنے کی بھی تجویز ہے، ارکان پارلیمنٹ کے سفری الاؤنس بڑھانے کا مجوزہ بل رواں ہفتے پارلیمنٹ میں پیش ہونے کا امکان ہے۔