لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی، اپیل میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفیٰ دیئے، 28 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی نے 11 ممبران کے درست استعفے منظور کر لئے، سپیکر قومی اسمبلی نے قانون کے مطابق 17 جنوری کو باقی پی ٹی آئی ممبران کے استعفے منظور کر لئے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے قانون کے برعکس 19 مئی کو ممبران کی بحالی کا فیصلہ دیا۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کر کے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
بعدازاں عدالت نے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ممبران قومی اسمبلی کی بحالی کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے 21 جون تک فریقین سے جواب طلب کر لیا۔