اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب کے سابق وزیر علی افضل ساہی کو پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔
علی افضل ساہی کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے علی افضل ساہی کی تھانہ گولڑہ مقدمے میں عبوری ضمانت میں 3 جولائی تک توسیع کی ہے، سابق وزیر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
وکیل نے کہا کہ پیشی کے بعد جوڈیشل کمپلیکس سے واپسی پر سابق صوبائی وزیر کو گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیر کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر تھانہ گولڑہ میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔
پولیس کی گرفتاری کی تردید
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما علی افضل ساہی کی گرفتاری کی تردید کی ہے، پولیس نے ویڈیو میں گرفتاری کا عمل بھی مسترد کر دیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ علی افضل ساہی کو گرفتار نہیں کیا گیا، سابق صوبائی وزیر عدالت سے ضمانت پر ہیں۔