جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کریگی

Published On 16 June,2023 03:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی۔

جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم ستمبر میں 6 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم کا کسی بھی فارمیٹ کے لیے پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان 6 میچز کی سیریز کراچی میں یکم سے 14 ستمبر تک ہو گی۔

اس دوران دونوں ٹیمیں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کھیلیں گی، یہ تمام میچز نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میچز کا شیڈول ایک دو روز میں جاری کر دے گا جس کے بعد قومی ویمن ٹیم کی تیاریوں کے لیے کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔