نامور کرکٹرز کی 9 مئی واقعات کی مذمت، شہدائے پاک فوج کو خراج عقیدت

Published On 14 June,2023 11:29 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے نامور کرکٹرز نے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت اور افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کرکٹرز کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے والے شرپسند عناصر فوج اور ملک کے دشمن ہیں، سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے ساتھ ساتھ اس میں ملوث کرداروں کو بھی بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

کرکٹراحمد شہزاد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، اس وطن کی مٹی سے محبت کے لئے جن شہداء نے اپنی جانیں قربان کی ہیں تمام محب وطن پاکستانی ان سے پیار کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، شہداء کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔

کرکٹر عمر اکمل کا کہنا تھا میں اور میری فیملی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، جن لوگوں نے یہ کام کیا ان سے یہ گزارش ہے کہ اس طرح کا کام دوبارہ مت کریں، پاک آرمی اور ہمارے سکیورٹی اداروں کی وجہ سے ہم لوگ آزادی سے گھومتے ہیں اور وہ ہمارے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہیں، پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد۔