لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ سے پہلے 4 کرکٹ بورڈز کو دو طرفہ ون ڈے یا سہ ملکی سیریز کھیلنے کی پیشکش کر دی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز سے رابطہ قائم کرنا شروع کر دیا ہے، پی سی بی نے چاروں بورڈز کو اگست میں پاکستان آکر سہ ملکی یا دو طرفہ سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے چاروں بورڈز کو کی گئی ای میل میں تجویز دی گئی ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ایشیا کی کنڈیشنز سے ہمکنار ہو جائیں، پاکستان آکر سہ ملکی یا دو طرفہ ون ڈے سیریز کھیلیں۔
پی سی بی چاروں بورڈز کی طرف سے مثبت جواب کے انتظار میں ہے جبکہ اس ضمن میں تاحال کوئی جواب نہ آسکا، پی سی بی چاہتا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے پہلے 3 یا 5 ون ڈے میچز تیاری کیلئے مل سکیں۔