لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار اور مایہ ناز باؤلر شعیب اختر نے اپنی اہلیہ سے پہلی ملاقات اور دوسری شادی سے متعلق لب کشائی کی ہے۔
حال ہی میں شعیب اختر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے علاوہ شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس سے قبل اپنی شادی کے حوالے سے میڈیا پر بات کیوں نہیں کی۔
میزبان کے شادی اور بچوں سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی ان کے والدین کی مرضی سے اور اچانک ہوئی تھی۔
انہوں نے تفصیل سے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے بہت خدمت گزار بیٹے ہیں اور کبھی ان کی کوئی بات رد نہیں کی، جس کی وجہ سے انہیں زندگی کے ہر معاملے میں بہت آسانیاں ملیں اور تمام خواہشات پوری ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ جس وقت حج پر گئی ہوئی تھیں اس وقت ان کی ساس بھی والدہ کے ساتھ ہی تھیں اور انہوں نے میری والدہ کو پیرنی سمجھ کر ان کی بہت خدمت کی۔
شعیب اختر کے مطابق ان کی والدہ نے ان کی ساس کو بتایا کہ وہ پیرنی نہیں بلکہ شعیب اختر کی والدہ ہیں، جس کی وجہ سے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں، بعدازاں حج سے واپسی پر والدہ نے حج کی دعوت پر ان لوگوں کو بھی مدعو کیا اور وہاں پہلی بار مجھے میری ہونے والی اہلیہ سے ملوایا، جو کہ عمر میں مجھ سے کافی چھوٹی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملاقات کے بعد ان کی شادی انتہائی سادگی سے طے ہو گئی جس میں دونوں خاندانوں کے چند افراد نے شرکت کی اور وہ دلہن کو بیاہ کر گھر لے آئے، انہوں نے بتایا کہ ان کے 2 بیٹے میکائیل اور مجدد ہیں۔
اہلیہ کے میڈیا میں آنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر شعیب اختر نے دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے اہلیہ پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن وہ پردے کے حق میں ہیں تاہم ان کی اہلیہ خود میڈیا پر نہیں آنا چاہتیں۔
دوسری شادی سے متعلق سوال پر شعیب اختر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اسلام میں چار شادیاں کرنے کی اجازت ہے لیکن مرد کو ایک ہی شادی کرنی چاہیے کیونکہ لڑکی اپنا گھر چھوڑ کر آتی ہے اس لئے مرد کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ وہ اس کی حفاظت کرے تاکہ وہ اپنی بیوی کے لئے آئیڈیل اور متاثر کن شخصیت بن جائے۔
شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ اللہ نے انہیں پاک دامن، خوبصورت اور اچھی بیوی دی ہے اس لئے وہ دوسری شادی نہیں کریں گے۔