کرکٹ پاکستان اور بھارت سے بڑی ہے، بورڈز کو یہ بات سمجھنی چاہئے: یونس خان

Published On 13 June,2023 10:24 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈز کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کرکٹ پاکستان اور بھارت سے بڑی ہے۔

یونس خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ایشیا کپ کا انعقاد مسئلہ بنا ہوا ہے، اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوجائے تو کیا ہی بات ہے، پاکستان اور بھارت کو بات کر کے مسئلہ حل کرنا چاہیے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ میرا نام بھارت کے خلاف پرفارم کرکے بنا ہے، پاک بھارت کرکٹ ہوگی تو بزنس اور کھلاڑی دونوں آگے بڑھیں گے، فٹنس تب آتی ہے جب آپ گراؤنڈ میں جا کر کرکٹ کھیلتے ہیں، بڑے مقابلوں میں بطور ٹیم کھیلیں، تینوں شعبے اہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا شیڈول تیار، پاک، بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو ہونے کا امکان

سابق کپتان نے کہا کہ عالمی کپ کی تیاری کیلئے ون ڈے سیریز کا ہونا اہم ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بڑے ایونٹ سے پہلے پلاننگ کرنی چاہیے، ہماری ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، مجھے یقین ہے پاکستان ورلڈکپ کے ٹاپ فور میں پہنچے گا۔

یونس خان نے مزید کہا کہ ٹیم میں 3، 4 کھلاڑی ایسے ہیں جو پاکستان کو جتوا سکتے ہیں، پاکستان ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، فخر زمان اور بابر اعظم جیسے اچھے بلے باز موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کو مشورہ دیتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو مشورہ ہے کہ بڑے میچ میں کپتان کے پاس 2، 3 پلان ہونے چاہیے، پاک بھارت میچ کا پریشر نہ لیں، انجوائے کریں۔