ابوظہبی : ( دنیا نیوز ) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) نے کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا شیڈول تیار کر کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کو بھیج دیا ہے جسے آئی سی سی نے فیڈبیک کیلئے ورلڈکپ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا آغاز رواں سال 5 اکتوبرکو ہوگا جبکہ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم احمد آباد اور حیدرآباد میں دو کوالیفائر ٹیموں کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ بنگلورو میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
قومی ٹیم افغانستان اور جنوبی افریقا کے خلاف چنئی جبکہ بنگلادیش اور انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں ان ایکشن ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں ہونے کا امکان ہے۔
میگا ایونٹ میں شامل ہر ٹیم 9 لیگ میچز کھیلے گی جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔