پی سی بی کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کیخلاف درخواست قابل سماعت قرار

Published On 27 June,2023 06:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی سی بی کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کیخلاف درخواست قابل سماعت قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دئیے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے وفاق ، بین الصوبائی رابطہ و دیگر کو چار جولائی کےلیے جواب طلب کرلیا، سٹے آرڈر کی متفرق درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا

عرفان منظور نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے 20 جون کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا، نوٹیفکیشن میں پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کو مدت مکمل ہونے پر کام سے روک دیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کر دیے گئے تھے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ پی سی بی کے معاملات الیکشن کمشنر کےحوالے کرنے کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔