لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب کینٹ کے ڈائریکٹر کرکٹ پال ڈاؤنٹن نے رواں سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
66 سالہ ڈاؤنٹن نے کلب کو کاؤنٹی چیمپئن شپ کے ڈویژن ون اور 2018 میں ون ڈے کپ کے فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ میں نے ابتدائی طور پر تین سال کیلئے ذمہ داری سنبھالی تاہم میں اپنے عہدے پر چھ سال تک رہا ، میں نے کاؤنٹی کرکٹ کے چیلنجز اور اتار چڑھاؤ سے بہت لطف اٹھایا ہے اور گروپ کی کامیابیوں کا مشاہدہ کرکے خوشی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سینئر کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کا ایک اچھا امتزاج ہے جو مستقبل کی ایک دلچسپ جھلک پیش کرتا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاؤنٹن 1977 اور 1980 کے درمیان کینٹ کے لیے کھیلتے رہے، انہوں نے 1981 سے 1988 کے درمیان 30 ٹیسٹ میچز کھیلے اور انگلینڈ کے لیے 28 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں بھی نمایاں رہے۔