گال: (ویب ڈیسک) سعود شکیل نے ٹھیک ایک سال قبل گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچ باہر بیٹھ کر دیکھے تھے لیکن اب وہ اسی گال میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز پاکستانی بیٹنگ لائن کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے کرنے والے ہیں۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اتوار کے روز سے گال میں شروع ہونے والا ہے۔
سعود شکیل ان 4 کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کریئر کی ابتدا کی تھی۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سعود شکیل کو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا تھا اور انہوں نے میچ کی چوتھی اننگز میں 76 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی تھی۔
ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 63 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں وہ 94 رنز بناتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو355 رنز کے ہدف کے قریب لے آئے تھے کہ تھرڈ امپائر کے فیصلے نے انہیں کاٹ بی ہائنڈ آؤٹ قرار دے دیا تھا۔
سعود شکیل نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے میں نے قومی کیمپ میں اپنی مہارت کو مزید بہتر بنانے پر بہت توجہ دی ہے اور مزید شاٹس کا اضافہ بھی کیا ہے میں نے اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ یہاں سپن وکٹیں ہوتی ہیں قومی کیمپ میں سپن باؤلنگ پر اپنی بیٹنگ کو مضبوط کرنے پر خاص توجہ دی ہے۔
سعود شکیل کا کہنا ہے میں نے اس بات پر بھی توجہ دے رکھی ہے کہ سری لنکا کی کنڈیشنز میں کس طرح رنز بنانے ہیں، میں سوئپ شاٹس اچھے کھیل لیتا ہے لیکن میں نے اس میں بھی بہتری لانے کی کوشش کی ہے کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ سوئپ شاٹس کھیل کر آپ باؤلر کی لینتھ لائن کو ڈسٹرب کرسکتے ہیں، میں نے سپن باؤلنگ پر فٹ ورک اور ریورس سوئپ پر بھی کام کیا ہے۔