جنوبی افریقا کی ویمنز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی

Published On 27 August,2023 12:12 pm

کراچی : (دنیانیوز) جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کے لیے کراچی پہنچ گئی۔

23 رکنی افریقی سکواڈ دبئی کے راستے پرواز EK600 سے کراچی پہنچا، جس پر ان کا جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، مہمان ٹیم کو صدارتی پروٹوکول دیا جا رہا ہے اور سخت ترین حفاظتی حصار میں مقامی ہوٹل پہنچایا جائے گا۔

کراچی پہنچنے والے افریقی سکواڈ میں کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ شامل ہے ،کپتان لورا وولوارڈٹ، ماریزان کیپ اور نادین ڈی کلرک 29 اگست کو کراچی پہنچیں گی، ٹیم فزیو تھراپسٹ مولبتسی فیلانے بھی 29 اگست کو پہنچیں گے۔

جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کااستقبال ویمنز ونگ کی سربراہ تانیہ ملک اور جنرل مینیجرعائشہ اشعر نےکیا۔

جنوبی افریقا اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز یکم تا 14 ستمبر تک نیشنل سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی ، تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل یکم، 3 اور 5 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم مہمان ٹیم کے ساتھ 8، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے کرکٹ میچ کھیلے گی، ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

20 روزہ دورہ مکمل کرکے افریقی خواتین کرکٹرز 15 ستمبر کو وطن واپس روانہ ہوں گی۔