اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کاروائیوں میں 266 کلوگرام سے زائد منشیات اور 20250 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کر کے 5 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں گاڑی سے 30 کلو افیون اور 100 کلو 800 گرام چرس برآمد کر لی ، گاڑی سے ایک عدد نائن ایم ایم اور 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے ، کارروائی کے دوران صوابی کا رہائشی مُلزم موقع پر گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق چکری روڈ اسلام آباد پر کراچی کے رہائشی ملزم سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد اور کراچی میں واقع کوریئر آفس میں دو پارسلز سے مجموعی طور پر 1 کلو 320 گرام آئس برآمد کر لیے، مذکورہ پارسل ہانگ کانگ اور بحرین کے لئے بُک کئے گئے تھے۔
ایک اور کارروائی میں کراچی، شاہراہِ فیصل پر واقع کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانیوالے پارسل سے 270 گرام آئس برآمد کر لی گئی جبکہ حب کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 122 کلو چرس بھی برآمد کی گئی ، 2ملزمان منشیات کوئٹہ سے کراچی سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لئے گئے۔
ترجمان کے مطابق چمن سے 15000 لٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ اور 5250 لٹر گندھک کا تیزاب برآمد کیا گیا، مذکورہ کیمیکل کلی عبد الرحمن میں سمگلنگ کی غرض سے چھپایا گیا تھا۔
پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی میں ملزم کے پیٹ سے 50 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد،پشاور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-787 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق خیبر کے علاقے زخا خیل سے سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔