ورلڈ کپ: بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

Published On 11 October,2023 01:09 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے نویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے بآسانی شکست دےدی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے نویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔

273 رنز کا ہدف بھارت نے کپتان روہت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر 35 اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا۔

بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ایشان کشن 47 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 84 گیندوں پر 5 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 131 رنز بنائے اور راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ویرات کوہلی 55 رنز اور شریاس ائیر 25 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، افغانستان کی جانب سے دونوں وکٹیں راشد خان نے حاصل کیں۔

قبل ازیں افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز 21، ابراہیم زادران 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر رحمت شاہ بھی 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان حشمت اللہ شاہدی اور عظمت عمرزئی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں عظمت عمرزئی 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان حمشت اللہ 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد نبی 19، راشد خان 16، نجیب اللہ زادران 2 بناکر آؤٹ ہوگئے، بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 جبکہ شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔