پاکستان کو نیوزی لینڈ سے جیت کیلئے بڑا ہدف دینا ہوگا:عبدالرزاق

Published On 04 November,2023 09:24 am

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ سے جیتنے کیلئے 350 سے زیادہ کا ہدف دینا ہوگا۔

نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ آج کا میچ پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، سیمی فائنل میں رسائی کیلئے آج کے میچ میں گرین شرٹس کی فتح ضروری ہے اور اس کیلئے پاکستان کو 350 سے زیادہ کا ٹارگٹ دینا ہوگا، فخر زمان کو لمبی اننگ کھیلنا ہوگی جبکہ شاہین کو پچ کے مطابق باؤلنگ کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے ہونے نہ ہونے سے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑتا، نسیم شاہ کا فرق اس لئے پڑ رہا ہے کیوں کہ ہم نے کوئی دوسرا تیار نہیں کیا۔

انضمام الحق کے بطور چیف سلیکٹر استعفے کے معاملے پر عبدالرزاق نے کہا کہ سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کو چیف سلیکٹر کا عہدہ ملنے کا قوی امکان ہے۔