لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
قومی کرکٹر سے پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار نے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کرکٹ بورڈ میں خدمات دینے کی آفر کرتے ہوئے کہا آپ پاکستان کرکٹ کے لئے پی سی بی کے ساتھ کام کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کرکٹر کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنا چاہتا ہے، آفر ملنے کے بعد اسد شفیق نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کر دیا۔
واضح رہے کہ اسد شفیق نیشنل ٹی 20 کپ میں کراچی کی نمائندگی کررہے ہیں، ٹورنامنٹ کے بعد اسد شفیق پیشکش پر فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے 128 اننگز میں 12 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے 4460 رنز بنا رکھے ہیں، قومی کرکٹر 60 ایک روزہ اور 10 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اسد شفیق نے 2010 میں انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور 2018 کے بعد سے اسد شفیق ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔