لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے ساتھ کھلاڑیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے افتخار احمد کی جگہ رائلی روسو کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
لیگ کے اگلے ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل سلطانز نے گلیڈی ایٹرز کے ساتھ کھلاڑیوں کی ٹریڈ کی ہے جس کی بدولت سلطانز نے نہ صرف افتخار احمد کو اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پلاٹینم اور سلور کیٹیگری کی پہلی پک بھی حاصل کرلی ہے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) November 30, 2023
2010 میں کیریئر کے آغاز سے اب تک افتخار 229 ٹی 20 میچوں میں 30 نصف سنچریوں کی مدد سے 4 ہزار 476 رنز بنا چکے ہیں اور 49 کھلاڑیوں کو بھی اپنی آف سپن باؤلنگ کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
افتخار احمد نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ میں ملتان سلطانز کی فرنچائز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں، ملتان کے لوگوں کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے کیونکہ کھیل کے لیے ان کا جوش و خروش لاثانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز ایک مضبوط ٹیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے اور گزشتہ تین سیزن کے دوران ان کا ریکارڈ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب میرا مقصد اپنی ٹیم کو پی ایس ایل کی ٹرافی جتوانا ہے۔