کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا انوکھا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھی ہار پسند نہیں لیکن ایشیائی کنڈیشنز میں کینگروز اور کیویز کو بھی شکست ہوتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ میری اور بابر اعظم کی اوپنگ جوڑی توڑنے کا نقصان ہوا ہے، جب کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی جاتی ہے تو ایسا ہوتا ہے، کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر بہترین کی تلاش میں ہیں، روٹیشن پالیسی کے تحت کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن رزلٹ ہمارے حق میں نہیں آ رہے جس کا دکھ ہے۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر نے مزید کہا ہے کہ ایمانداری کی بات ہے کہ فاسٹ باؤلرز وکٹیں نہیں لے رہے جس کی وجہ سے پرابلم ہو رہی ہے، سب کو لگ رہا ہے کہ فاسٹ باؤلنگ بے نقاب ہو گئی۔
محمد رضوان نے کہا ہے کہ شاہین نے پاور پلے کے دوران تین وکٹیں لیں لیکن دیگر باؤلرز کو ایک وکٹ بھی نہیں مل سکی جو سوالیہ نشان ہے، مڈل اوورز میں وکٹیں نہ ملنے کے بارے میں باؤلنگ کوچ عمر گُل آپ کو زیادہ بہتر جواب دے سکتے ہیں، بیچ میں وکٹیں نہیں آرہیں اس وجہ سے فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی کی سیریز میں مسلسل چوتھے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور آسٹریلیا نے پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔