بڑے ایونٹس جیتنے کیلئے ٹیم کو وقت دینا پڑے گا: شاہین آفریدی

Published On 17 January,2024 01:04 pm

ڈنیڈن: (دنیا نیوز) قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ بڑے ایونٹس جیتنے کیلئے ٹیم کو وقت دینا پڑے گا۔

ڈنیڈن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹی 20 کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اس گراؤنڈ کی تاریخ بتا رہی تھی کہ یہاں ہدف کا تعاقب آسان ہوتا ہے، ٹیم کے مشورے کے بعد ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم نے ثابت کردیا اس کی فارم برقرار ہے، بابر اعظم کے ساتھ دوسرے اینڈ پر کوئی کھڑا ہو تو وہ فنش کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر کے ساتھ دیر تک کھڑے ہونے والا کوئی کھلاڑی ہونا چاہیے، بابر نے تین میچز میں تین اچھی اننگز کھیلیں، بدقسمتی سے تینوں میچز میں باؤلنگ یونٹ نے پاور پلے میں اچھا پرفارم نہیں کیا، ہماری باؤلنگ کولیپس ہو رہی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ اس ٹیم کو وقت دینا پڑے گا اگر بڑے ایونٹ کو جیتنا ہے، نیوزی لینڈ کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں ہوتا، ایمانداری کی بات ہے سیریز کی تیاری پوری کی تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ تبدیلیاں اس وجہ سے کر رہے ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل بہترین کمبی نیشن بنا سکیں، ورلڈ کپ سے قبل بہترین 11 اور بیسٹ 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ صائم ایوب بڑا سٹار بن سکتا ہے، نوجوانوں کے لیے اس کنڈیشن میں پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا، اعظم خان ڈومیسٹک کا بہترین کھلاڑی ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے تو فائدہ ہو گا۔

قومی کپتان نے یہ بھی کہا کہ اگلے دو میچز میں جو بنچ پر بیٹھے ہیں ان کو موقع دے سکتے ہیں، کرائسٹ چرچ کی پچ دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ حارث رؤف بہتر باؤلر ہے، آج ہنری کو بھی پچاس رنز پڑے ہیں، ٹی 20 میں 40 یا 50 رنز پڑ سکتے ہیں، شکست کے بعد ایسی باتیں ہوتی ہیں، جب جیت جاتے ہیں تو کہتے ہیں یہ بہترین باؤلر ہے۔