ڈونیڈن: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا جس میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کل 17 جنوری کو ڈونیڈن میں کھیلا جائے گا، سیریز میں نیوزی لینڈ کو پاکستان پر دو صفر کی سبقت حاصل ہے۔
پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تین بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسامہ میر، عامر جمال اور عباس آفریدی ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔
ان تینوں کی جگہ قومی ٹیم میں وسیم جونیئر، محمد نواز اور زمان خان کو شامل کرلیا گیا ہے جو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ ٹیم میں قومی کپتان شاہین آفریدی کی قیادت میں محمد رضوان، صائم ایوب ، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان (وکٹ کیپر) شامل ہوں گے۔
ان کے علاوہ محمد نواز، حارث رؤف، وسیم جونیئر اور زمان خان بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔