فوراً کوئی نتیجہ نہیں ملتا،چیزیں برداشت کرنا پڑتی ہیں: شاہین آفریدی

Published On 21 January,2024 12:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ فوری کوئی رزلٹ نہیں ملتا، چیزیں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔

کیویز کیخلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پانچ میچز میں دیکھنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کیسے بنائیں، جیت کی طرح ہار میں بھی کوئی سپورٹ کرنے والا ہو تو آپ مضبوط بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے بھی آسان نہیں ہوتا کہ ایسی کنڈیشنز میں مشکل باؤلرز کو کھیلیں، حسیب اللہ کو بھی اس لیے موقع دیا کہ اس کو مستقبل کیلئے اعتماد ملے، ہم سب کچھ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کون کس پوزیشن پر اچھا پرفارم کر سکتا ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ عباس آفریدی اچھا ٹیلنٹ ہے، اس کے ہونے سے باؤلنگ میں مزید استحکام آیا، صائم ایوب سے سیریز میں اچھا نہیں ہوسکا لیکن وہ بھی اچھا ٹیلنٹ ہے، سب سے مشاورت کے بعد پلیئنگ الیون میدان میں اتاری، سارے فیصلے مشورے سے ہوئے، ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نوجوانوں کو کھلانے کا مقصد انہیں تجربہ دینا ہوتا ہے تاکہ وہ تیار ہو سکیں، بطور باؤلنگ یونٹ اچھی پرفارمنس نہیں دے سکے، پاکستان ٹیم ایک فیملی کی طرح ہے، سب کو ساتھ رکھتا ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ اختتام پذیر ہوگیا، پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز چار ایک سے کیویز کے نام رہی۔