لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شکستوں کا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے پی سی بی کے قائم مقام سربراہ اور الیکشن کمشنر شاہ خاور سے ملاقات کی، محمد حفیظ نے شاہ خاور کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ناکامیوں کی وجوہات سے آگاہ کیا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں قومی کھلاڑیوں کا مکمل فوکس کھیل پر نہیں تھا، انہیں مختلف لیگز کی فکر لگی ہوئی تھی۔
ملاقات میں محمد حفیظ نے اپنی ڈائریکٹر شپ کے ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں توسیع کے حوالے سے بھی بات کی تاہم بورڈ نے محمد حفیظ کو وزارت بین الصوبائی رابطہ سے گائیڈ لائنز لینے کے بعد جلد آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
شاہ خاور سے ملاقات کے ساتھ محمد حفیظ نے بورڈ کے سی او او سلمان نصیر سے بھی الگ ملاقات کی اور انہیں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کی رپورٹ بھی جمع کرا دی جبکہ آئندہ چند روز میں منیجر قومی ٹیم نوید اکرم چیمہ بھی اپنی رپورٹ جمع کرائیں گے۔