لاہور: (دنیا نیوز) کینگروز کے بعد کیویز سے سیریز میں بدترین ناکامی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ سے آج وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگی۔
قومی سکواڈ کا ایک گروپ آج رات آکلینڈ سے براستہ دبئی پاکستان کیلئے روانہ ہو گا جس کے بعد کھلاڑی اپنے اپنے شہر پہنچیں گے، پاکستان کیلئے روانہ ہونے والے کھلاڑی کل وطن واپس پہنچیں گے۔
لاہور کیلئے روانہ ہونے والوں میں عامر جمال کے علاوہ ٹیم مینجمنٹ کے ارکان شامل ہیں، افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان پشاور، صائم ایوب اور حسیب اللہ کراچی جبکہ عمر گل، یاسر عرفات، حارث رؤف، زمان خان اور محمد نواز اسلام آباد اور اسامہ میر سیالکوٹ جائیں گے۔
شاہین آفریدی اور اعظم خان آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کیلئے دبئی میں قیام کریں گے، اس کے علاوہ بابراعظم، محمد وسیم جونیئر، محمد رضوان اور عباس آفریدی بنگلا دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے کرائسٹ چرچ سے ڈھاکا جائیں گے۔