لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان نے مسلسل تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔
جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے نیوزی لینڈ ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی سمیٹ لی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 141 رنز کا ہدف دیا جو اوپنرز شاہ زیب خان اور شمائل حسین نے 25.2 اوورزمیں بآسانی سے حاصل کر لیا، شاہ زیب خان نے 80 اور شمائل حسین نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 27, 2024
قبل ازیں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 اوورز میں صرف 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
عرفات منہاس نے دو میڈن اوورز سمیت پانچ اوورز میں 6 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ کے حصے میں بھی تین وکٹیں آئیں، علی اسفند اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹورنامنٹ میں دوسری بار شاہ زیب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، گروپ ڈی میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔
یاد رہے کہ اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 181 رنز اور دوسرے میچ میں نیپال کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔