سیالکوٹ: (دنیا نیوز) عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن آج سیالکوٹ میں میدان سجائے گی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کی میزبانی میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے علاوہ پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی پارٹی قائد کے ہمراہ ہوں گی۔
— PMLN (@pmln_org) January 27, 2024
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جلسے کے دوران نواز شریف ملک وقوم کی خوشحالی کے اپنے پروگرام پر بات کریں گے، معیشت کی بحالی، زراعت، صنعت وتجارت کی ترقی، مہنگائی کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کے اپنے منشور پر عوام کو اعتماد میں لیں گے۔
دوسری جانب جلسہ گاہ کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں، قائدین کے بیٹھنے کیلئے 80 فٹ لمبا اور 20 فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا ہے، جلسہ گاہ کے اندر اور اطراف میں میاں نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ آصف کی تصاویر والی فلیکسز اور بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔
نواز شریف کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس کے جوان اور افسران ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔