پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا چیلنج قبول کرلیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں مناظرے اور معائنے کے لئے تیار ہوں، میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کا ہسپتال پنجاب کے کسی بھی ہسپتال سے بہتر ہے اور یہاں علاج بالکل مفت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا یا وہ تھرپارکر آجائیں، وہاں کے انفراسٹرکچر کا معائنہ بھی ہو جائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہو جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تھر میں کوئلے کا منصوبہ جس کے آپ اور آپ کے بھائی مخالفت کرتے تھے، کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کرلیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے 84 ہزار سے زائد افراد کا علاج ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ایسی سہولیات موجود نہیں ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو آپ کے بھائی نے مباحثہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 8فروری کو شیر شکار کرے گا، شہباز شریف
یاد رہے کہ راولپنڈی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایک سیاسی لیڈر مہربان نے کہا ہے وہ نوازشریف سے مناظرہ چاہتا ہے، میں اس کو کہنا چاہتا ہوں آپ نوازشریف کو اپنے صوبے کے دورے کی دعوت دیں۔
— PMLN (@pmln_org) January 27, 2024
شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف وہاں آئیں اور آپ کے صوبے کا معائنہ کریں، وہاں پرمناظرہ بھی ہوگا، موازنہ بھی ہوگا اور پتہ چل جائے گا کہ نواز شریف کی کیا خدمات ہیں۔