مسائل جتنے بھی سنگین ہوں شیر مقابلہ کرے گا، حمزہ شہباز

Published On 27 January,2024 08:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز)مرکزی رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسائل جتنے بھی سنگین ہوں شیر مقابلہ کرے گا۔

مرکزی رہنما مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت میں اندرون لاہور کےعلاقے دہلی گیٹ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ریلی نکالی، ریلی میں مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی میں شریک کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور حمزہ شہباز کے پہنچنے پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا۔

مسلم لیگ ن کی ریلی میں سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کیلئے بگی گھوڑیوں کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا تھا،اس موقع پر کارکن’’شیر آیا ، شیر آیا‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے، حمزہ شہباز کے خطاب کیلئے ترنم سینما چوک کے قریب سٹیج بنایا گیا تھا، جبکہ ایک کارکن ریلی میں اصلی شیر بھی ساتھ لایا تھا ۔

ریلی کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پہلے دور میں جو نوجوانوں کو لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا، کامیاب ہو کر اسے دوبارہ شروع کریں گے اور اس ملک کو قائداعظم کا خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، مسلم لیگ ن کے دورِ اقتداد میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا، اب ہماری جنگ مہنگائی اور غربت کے خلاف ہے ،مسائل جتنے بھی سنگین ہوں شیر مقابلہ کرے گا، 8فروری کو کامیاب ہوکر ملک سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند اور غربت کا خاتمہ کریں گے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے عوام کو میٹروبس، اورنج ٹرین اورپی کے ایل آئی جیسے شاندار ہسپتال جیسے منصوبوں کا تحفہ دیا جبکہ  مسافروں کے آرام دے سفر کیلئے موٹروے کی تعمیر بھی ہمارے دور میں ہوئی۔