پشاور اورہنگو میں بارش سے خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا

Published On 28 January,2024 10:48 am

پشاور: (دنیا نیوز) شدید خشک سالی کے بعد آخر کار بادلوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کر لیا، پشاور، ہنگو، وادی نیلم میں بوندا باندی اور برفباری سے خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور گردونواح کے علاقے اندرون شہر،حیات آباد ،کوہاٹ روڈ ودیگر شامل ہیں، جہاں بوندا باندی سےخشک سالی کا تو خاتمہ ہوا لیکن سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ طویل دورانیہ سے بارش نہ ہونے اورشدید خشک سردی کے باعث شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا، شہریوں کی بڑی تعداد خشک سردی سے ناک اور گلے کے امراض میں مبتلا ہو رہی تھی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا مزید کہنا تھا کہ ہنگو اور اورکزئی کے علاقوں میں بھی طویل خشک سالی کے بعد ہلکی بارش کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری بھی ہورہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک سردی کے بعد وادی نیلم میں بھی برفباری شروع ہو چکی ہے جس سے پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھنا شروع کردی ہے، بارش اور برف باری سے  موسم خوشگوار اور خنکی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔